(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکہ نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کا کوئی قابل اعتبار اسرائیلی منصوبہ نہیں دیکھا جو اس کے خدشات کو دور کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نےامریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کےاسرائیل پہچنے اوراسرائیلی وزیراعظم کے رفح کے حوالے سےبیان پراپنے ردعمل میں کہا ہےکہ واشنگٹن فوری جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یرغمالیوں کی رہائی کی ضمانت دیتا ہے اور امداد میں اضافے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا سکیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ امریکہ نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کا کوئی قابل اعتبار اسرائیلی منصوبہ نہیں دیکھا جو اس کے خدشات کو دور کرے۔
صیہونی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نےکہا تھا کہ وہ رفح شہر میں بے گھر ہونے والے دس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے مستقبل کے بارے میں بین الاقوامی تشویش کے باوجود فوجی کارروائی کریں گے۔
منگل کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر زور دینے کے لیے تل ابیب پہنچے تھے۔بلنکن ایک علاقائی دورے پر ہیں جس کے دوران وہ عمان میں بھی رُکے جہاں انہوں نے حماس سے جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرنے اور سات اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں قید یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔