(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حوثی گروپ بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحر ہند میں اسرائیلی نیویگیشن یا اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانےوالے جہازوں کو روکتا رہے گا۔
یمن کے حوثی گروپ کے ترجمان یحیی السریع نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ (ایکس) پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو بیان میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر اپنے حملوں کے دوبارہ آغاز کے ساتھ ہی غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے شہر ایلات میں متعدد بیلسٹک اور پروں والے میزائلوں سے اسرائیلی اہداف پر بمباری کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ خلیج عدن میں اسرائیلی جہاز "MSC Daron” کو بھی نشانہ بنایا جبکہ میزائل ڈرونز نے آپریشن ” میں کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کیے”۔
السریع نے کہا کہ جب تک غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوتی اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا حوثی گروپ بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحر ہند میں اسرائیلی نیویگیشن یا اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانےوالے جہازوں کو روکنے کےساتھ اسرائیلی اہداف کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رکھے گا حوثی اپنے وسائل کے مطابق اسرائیلی مفادات کونشانہ بناتے رہیں گے۔
اس سے قبل حوثیرہنما عبدالمالک الحوثی نے بھی اپنے اس دعوے کو دہرایا کہ ان کی سمندر میں اسرائیلی جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے ایک ویڈیو تقریر میں کہا کہ ان کا گروپ بحر ہند میں بحری جہازوں پر اپنے حملوں کو بڑھانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ 19 نومبر سے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں 130 سے زائد بحری جہازوں کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔حوثیوں کا دعویٰٗ ہے کہ وہ اسرائیلی مفادات پر حملے فلسطینیوں کے خلاف چھیڑی گئی اسرائیلی جنگ کی وجہ سے کررہے ہیں۔
حوثیوں کے حملوں کے بعد کئی کمپنیوں کے بحری جہازوں کو افریقہ کے گرد طویل اور مہنگے راستے پر جانے پر مجبورہونا پڑا ہے جس سے کارگو جہازوں پر لائے جانےوالے سامان کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔