(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی کونسل فوری طور پر آج رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کی تاریخ پر تبادلہ خیال کرے گی۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کےمطابق مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے علاقے رفح میں صیہونی ریاست نے فوجی آپریشن کےلئے آنے والے ہفتوں میں انخلاء شروع کرنے کی تیاریاں ہیں۔ کل وار کونسل کا اجلاس ہے۔ توقع ہے آپریشن کے آغاز کی تاریخ کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکہ سمیت عالمی سطح پر رفح میں کسی بھی قسم کے فوجی آپریشن کے حوالے سے سخت مؤقف پایا جارہا ہے ، مصر ، سعودی عرب امریکہ اور قطر سمیت دیگر کئی یورپی ممالک نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن ناکرنے کا مطالبہ کیا ہے ، کہا جارہا ہے کہ رفح میں اس وقت 10 لاکھ سے زائد فلسطینی پناہ گزین ہیں اور کسی بھی فوجی آپریشن کے نیتجے میں بڑے پیمانے پر نہتے شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے تاہم اسرائیل نے عالمی مطالبات کو مستردکرتےہوئے رفح میں فوجی آپریشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
یاد رہے بدھ کے روز رفح میں آپریشن کی تیاروں کے حصوں کے طور پر ’’ کارمل‘‘(2) ڈویژن اور ’’بتاح‘‘(679) ڈویژن کی تربیتی مشقوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان ڈویژنوں نے اپنی مشقوں کو دو گنا کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس تناظر میں آج اسرائیل دو بین الاقوامی وفود کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دے گا۔ اقوام متحدہ کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کا ایک وفد اور ریڈ کراس کے امدادی محکمے کے سربراہ پر مشتمل ایک وفد پٹی میں داخل ہوگا، اسی دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے دو ریزرو بٹالین کو غزہ میں بلانے کا اعلان کیا جائے گا۔