(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے وزراء کو حکومت کا رکن نہیں رہنا چاہیے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور جنگی کونسل کے رکن بینی گانٹز نے غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ کے حوالے سے جاری بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تمام تر قوت کے استعمال کے باوجود ابھی تک جنگی اہداف حاصل نہیں کئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ اہداف کے حصول کی کوششیں جاری ہیں اور ہم نےاپنے مغویوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے ہم مغویوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہیں اپنے اہداف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حماس کے لیے کہیں بھی کوئی استثنیٰ نہیں ہے، ہم مغوی افراد کی واپسی کے لیے سیاسی، فوجی اور اقتصادی دباؤ بڑھائیں گے۔
بینی گانٹز نے لبنان کی سرحد پر جھڑپوں پر تبصرہ کرتےہوئے کہا کہ لبنان کے ساتھ سرحد پر شمالی محاذ پر فیصلہ کن گھڑی کے قریب پہنچ رہے ہیں تاہم یہ ایک پیچیدہ جنگ ہے ۔
انھوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسی پر اعتراض کرتےہوئے کہا کہ ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے وزراء کو حکومت کا رکن نہیں رہنا چاہیے۔