(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے نےصیہونی ریاست کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں قائم ناقابل تسخیر کے تاثر کو بری طرح نقصان پہنچایا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ اہارون ہالیوا نے گذشتہ برس 7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے حملے کو روکنے کی ناکامی پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
صیہونی فوج کی انٹیلی جنس کور کے سربراہ اہارون ہالیوا وہ پہلے بڑے اور اہم سرکاری عہدیدار ہیں جنہوں نے گذشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطین کی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
سات اکتوبر کے حماس کے حملے نے اسرائیل کی فوج اور اس کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں قائم تاثر کو بری طرح نقصان پہنچایا۔اسرائیلی فوج کے انٹیلیجنس چیف نے حماس کے حملے کے فوری بعد کہا تھا کہ وہ اس کو نہ روک پانے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق ملٹری چیف آف اسٹاف نے اہارون ہالیوا کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔انٹیلیجنس چیف کے استعفے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دیگر کئی اہم عہدیدار بھی مستعفی ہو سکتے ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ ملکی سکیورٹی اور حماس کے حملے کو پیشگی روکنے میں ناکام رہے۔