(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 32،975 ہوگئی ہے جبکہ 75،577 زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ پر گذشتہ چھ ماہ سے جاری صیہونی درندگی کی تازہ تفصیلات شائع کی ہیں جس میں بتایاگیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 71 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سات اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں اب تک 14 ہزار سے زائد بچوں اور 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت 32،975 فلسطینی شہید ، 75،577 زخمی جبکہ 20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں جن کے حوالے سے خدشہ ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہیں یا اسرائیلی فوج انھیں گرفتار کرچکی ہے۔