(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی دہشتگردی میں خواتین اور بچوں سمیت 32,705فلسطینی شہید اور 75190 زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے غزہ میں صیہونی ریاستی دہشتگردی کی نئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں بتایاگیا ہے کہ اسرائیل نے پانچ ماہ سے زائد عرصے سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں اب تک 14 ہزار بچوں اور 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت مجموعی طورپر 32 ہزار 7 سو 5 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 1 سو 90 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، شہر میں 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں اور 90 فیصد سے زائد غزہ شہر کی عمارات کو صیہونی بمباری سے تباہ کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران صیہونی جنگی طیاروں نے ایک بار پھر بلا امتیاز وحشیانہ بمباری کی جس کے نیتجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 82 فلسطینی شہید اور 98 زخمی ہوچکے ہیں۔