(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی قیدی ہر گزرتے وقت کے ساتھ موت کے قریب ہوتے جارہے ہیں لیکن نیتن یاہو حماس کے ساتھ مذاکرات میں رکاوٹ ڈال ر ہے ہیں۔
غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی نیوز ویب سائٹ یدیعوت احرونوت نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صورتحال کو دیکھ کر بخوبی اندازہ ہورہا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے مقاصد کچھ اور ہیں غزہ میں حماس کی زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے وہ مذاکرات میں رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں قید اسرائیلی قیدی "وقت کے ساتھ ساتھ اپنی جان کی قیمت ادا کر رہے ہیں لیکن نیتن یاہو اپنا سیاسی مستقبل بچانے کیلئے ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔”
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد کو ویٹو نہ کرنے کے بعد نتین یاہو نے واشنگٹن جانے والے وفد کو روک دیا جس کا مطلب سب جانتے ہیں کہ اسرائیلی قیدیوں کو پانچ ماہ میں فوجی طاقت کے بل بوتے پر رہا نہیں کرایا جاسکا ہے اس دوران متعدد اسرائیلی قیدی ہلاک ہوچکے ہیں حماس نے دو ٹوک انداز میں کئی مرتبہ کہا ہے کہ مذاکرات کے بغیر اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کرایا جاسکتا ہے اور نیتن یاہو مذاکرات میں مسلسل رخنہ ڈال رہے ہیں جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی ان کی ترجیح نہیں ہے۔