(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی قابض افواج نے مسلسل 172ویں روز بھی غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے درجنوں ہوائی حملے، توپ خانے کی گولہ باری اور فائر بیلٹ نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 81 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
غزہ میں بھیانک صیہونی جرائم ، دراندازی، محاصرے اور 90 فیصد سے زیادہ آبادی کے بے گھر ہونے کے نتیجے میں ایک تباہ کن انسانی صورتحال کے درمیان فلسطینی موت کے سائےمیں زندگی گزار رہے ہیں۔
فلسطینی ذرائع ا بلاغ کے مطابق غاصب صیہونی افواج کے جنگی طیاروں اور توپ خانوں نے آج منگل کے روز غزہ کے مختلف علاقوں پر فائرنگ اور وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، گھروں، بے گھر افراد کے اجتماعات اور سڑکوں کو نشانہ بنایا، جس میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
صیہونی فوج نے رفح شہر کے شمال میں واقع مصباح محلے میں ابو نقیرہ خاندان کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے 6 بچوں اور 8 خواتین سمیت 18 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ کے مغرب میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کےقریب ابوحسیرہ خاندان کے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد سمیت 30 فلسطینی شہید ہوگئے۔
قابض فورسز الشفا میڈیکل کمپلیکس کی سمت سے الشطی کیمپ کے مضافات میں داخل ہوئے اور علاقے میں ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا اور لاؤڈ سپیکر پر گھروں کے اندر موجود لوگوں کو ہتھیار ڈالنے کی ہدایت کی ، تمام لوگ غیر مسلح تھے اور کسی کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا اس صورتحال میں اسرائیلی فوج نے رہائشیوں پر فائرنگ کردی اور الزام لگایا کہ رہائشیوں نے ہتھیار نہیں ڈالے تھے۔
رفح کے مشرق میں ابو الحسین کے علاقے کو نشانہ بنایا۔خان یونس میں زمینی صورتحال کی تصویر کے حوالے سے میڈیا ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ جھڑپوں کا دائرہ آج صبح جاپانی کوارٹر کے علاقے اور صنعتی علاقے کے اطراف تک پھیل گیا، صیہونی دشمن نے ان علاقوں کو توپ خانے کے گولوں کی بارش سے تباہ کردیا۔ اس وقت، شہر کے شمال مغرب میں مغربی لائن پر توپ خانے سے گولہ باری جاری ہے۔قابض فوج نے المغراقہ گاؤں اور نصیرات کیمپ کے شمالی علاقوں پر بمباری کی جب کہ قابض طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی کیمپ میں ایک مکان پر بمباری کی۔
گزشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اب تک صیہونی افواج کی وحشیانہ بمباری میں 14 ہزار سے زائد بچے اور 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت 32,414 شہید اور 74,787 زخمی ہو چکے ہیں۔