(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک 14 ہزار سے زائد بچے اور 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت 32،070 فلسطینی شہید جبکہ 74،298 زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں اسکول، کالجز، اسپتالوں سمیت مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
صیہونی فوج کی پرتشدد بمباری کے نتیجے میں روزانہ سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو رہے ہیں، جب کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کی جاری فاقہ کشی کی پالیسی حالیہ دنوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کے درمیان بین الاقوامی اور بین الاقوامی سطح پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا جس میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 82 فلسطینی شہید اور 110 زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی اور شہید تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو بچانے کےلئے اسرائیلی فوج کی جانب سے اجازت نہیں ہے۔