(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے حملے سے پہلے اسپتال میں موجود مریضوں اور بے گھر فلسطینیوں کو فوری طورپرعمارت خالی کرنے کا حکم دیا اور چند گھنٹوں کے بعد عمارت کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔
فلسطینی میڈیا الاقصیٰ چینل نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے جاری تصاویر اور بیان میں بتایا ہے کہ آج صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کی نام نہاد فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع شہر کے سب سے بڑے اور واحد فعال اسپتال الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اسپیشلسٹ ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔
بمباری سے قبل قابض فوج نے لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے پے در پے وارننگ جاری کیں اور الشفا کمپلیکس کے اندر سے بے گھر ہونے والے شہریوں اور مریضوں کو فوری طورپر اسپتال خالی کرنے کا حکم دیا ۔یہ بمباری الشفاء کمپلیکس پر جاری حملے کے تناظر میں کی گئی ہے، جس پر قابض فوج نے گذشتہ پیر کی صبح سے ہی دھاوا بول دیا تھا۔
اس جارحیت کے نتیجے میں کمپلیکس کے اندر ہی درجنوں افراد شہید ہو گئے تھے، اس کے علاوہ تقریباً 160 زیر حراست ہیں۔سینکڑوں بے گھر افراد، مریض اور طبی عملہ کمپلیکس کے اندر موجود ہے جہاں قابض افواج تعینات ہیں۔