(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 30,534 فلسطینی شہید اور 71,920 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں جن کے حوالے سے خدشہ ہے کہ وہ تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی کو آج 151 دن مکمل ہوگئےہیں پانچ ماہ سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی میں غاصب صیہونی ریاست نے 13 ہزار سے زائد بچوں اور 9 ہزار خواتین سمیت 30 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جبکہ 72 ہزار کے قریب زخمی ہیں ۔
صیہونی فوج نے غزہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 124 افراد شہید اور 210 زخمی ہوگئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی دہشتگردی میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی تاحال لاپتہ ہیں جن کے حوالے سے خدشہ ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج شہری دفاع اور طبی علے کو ان تک پہنچنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔