(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے خوراک کے حصول کیلئے جمع ہونے والے نہتے شہریوں پر بمباری کی اور اب قتل عام کو چھپانے کیلئے جھوٹ کو سہارا بنا رہی ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے گذشتہ روز الرشید اسٹریٹ پر امداد اور خوراک کے منتظر نہتے شہریوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ جس سے 100 سے زائد فلسطینی خواتین اور بچے شہید ہوئے اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوئے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن فوج نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دروغ گوئی اور جھوٹ کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے۔
انھوں نےکہا کہ غاصب فوج جھوٹ اور من گھڑت اور بے بنیاد داستانیں ایجاد کرکے اس ہولناک قتل عام کی اپنی براہ راست ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔الرشق نے نشاندہی کی کہ جائے وقوعہ پر موجود تمام عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ قابض فوج نے جان بوجھ کر امداد لینے کے لیے جمع ہونے والے شہریوں کے سینوں پر گولیاں چلائیں۔
الرشق نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے امداد کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر ٹرکوں کو روکنے، انہیں لوٹنے اور شدید ہجوم اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کا الزام لگانے کے الزامات اور جھوٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ قابض فوج کے جھوٹ اس گھناؤنے جرم کو چھپانے اور وسیع پیمانے پر بین الاقوامی مذمت سے بچنے کی مذموم کوشش ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں امداد کے حصول کے لیے جمع ہزاروں فلسطینیوں پر ٹینکوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 112 فلسطینی شہید اور 1000 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔