(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ روز غزہ میں بھوک زدہ فلسطینیوں کے امدادی ٹرک سے خوراک حاصل کرنے کی کوشش کے دوران اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا ، جس کا نوٹس لیتے ہوئے کولمبیا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل سے اسلحے کی خرید داری معطل کر رہا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا کے صدر پیٹرو نے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں خوراک حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کو نسل کشی کا تازہ واقعے کو ‘ہو لوکاسٹ ‘ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ صیہونی ریاست سے اسلحے کی خرید داری روک رہا ہے۔
کولمبیا کے صدر نے اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیا ہے اور اسرائیلی سفیر سے اس بارے میں سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز خوراک لینے کے لیے جمع بے گھر فلسطینیوں پر حملہ کر کے (وزارت صحت غزہ کے مطابق اب تک) 112 فلسطینیوں کو صرف اس ایک واقعے میں قتل کیا ہے جبکہ سات سو سے زائد زخمی کر دیے ہیں۔ ایک اسرائیلی ذریعے نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ان نہتے اور کھانے پینے کی اشیا کے حصول کے لیے آنے والوں پر فائرنگ کی ہے۔