(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ پر صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینی مزاحمت کاروں کو غیر فعال کرنے کے دعوےکے بعد غزہ سے اسرائیلی شہروں پر میزائل حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ مزاحمت اب بھی مضبوط ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے میڈیا کے مطابق گذشتہ روز فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیل کے شہر عسقلان پر ایک بار پھر راکٹ سے حملے کئے گئے جس کے بعد شہر بھر میں سائرن بجنے لگے اور صیہونی آبادکار زیر زمین محفوظ مقامات پر بھاگ گئے تاہم راکٹ حملوں سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور آگ لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
عبرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ 10 دن کی تعطل کے بعد منگل کی شام غزہ کی پٹی اور شہر عسقلان میں وارننگ سائرن بجتے رہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا حکومت پر تنقید کررہا ہے کہ جس کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ میں فلسطینی مزاحمت کی کمر توڑ دی ہے اور اب غزہ اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں رہا لیکن ان بیانات کے باوجود غزہ سے اسرائیل پر حملے اس بات کا ثبوت ہے کہ مزاحمت اب بھی اپنے پیروں پر کھڑی ہے اور مضبوط ہے۔