(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کسی بھی طرح کی فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کردیا ہے متعدد صیہونی وزراء بھی فلسطینی ریاست کے قیام کی سختی سے مخالفت کی ہے۔
معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ 5 عرب ممالک کے ساتھ ایک امن منصوبہ تیار کر رہی ہے جس میں ایک فلسطینی ریاست بھی شامل ہے، اس منصوبے کا آغاز غزہ میں 6 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کے اعلان اور قیدیوں کے تبادلے سے ہوگا۔
اس منصوبے میں اسرائیل کو سعودی عرب اور عرب ممالک کے ساتھ سلامتی کی ضمانتوں سمیت مغربی کنارے اور غزہ میں سیکورٹی اور گورننس کے انتظامات کے قیام ، امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی سے غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا فوری معاہدہ سمیت دیگر کئی نکات بھی شامل ہیں۔
اخبار کے مطابق اس منصوبے پر کام کرنے والے ممالک اسے اگلے جمعہ کو شروع ہونے والی سالانہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں پیش کرنے کی امید رکھتے ہیں، اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے میں مشرقی بیت المقدس کے دارالحکومت کے ساتھ ایک فلسطینی ریاست کے قیام اور مغربی کنارے میں آباد غیر قانونی صیہونی بستیوں کو خالی کرنے کا ٹائم ٹیبل شامل ہے، لیکن یہ سب غزہ میں جاری جنگ بندی کے معاہدے کی تکمیل سے مشروط ہے۔