(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے فلسطینیوں پر کی جانے والی بمباری میں حماس کی قید میں موجود اپنے دو مزید شہریوں کو قتل کردیا جبکہ 8 کو زخمی کردیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کی جانب سے مقبوضہ فلسطین پر جاری وحشیانہ بمباری چوتھےماہ میں داخل ہوگئی ہے ، غاصب فوج کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحری حماس کے عسکری ونگ نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ چار روز کےدوران اسرائیل کی غزہ پر اندھا دھند بمباری کے مختلف واقعات میں کم از کم 2 اسرائیلی یرغمالیوں کے ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔
القسام بریگیڈ کے بیان کے مطابق ان یرغمالیوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی ذمہ داری براہ راست اسرائیلی فوج پر عائد ہوتی ہے زخمی یرغمالیوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے کہ ان کے لیے غزہ میں علاج معالجے کی سہولت باقی نہیں رہی ہے۔
واضح رہے اب تک غزہ کی پٹی پر متعدد اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکتوں کے علاوہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 28 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 67 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری کی وجہ سے اب تک لگ بھگ 23 لاکھ فلسطینی بےگھر ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
ماہ نومبر میں وقفے وقفے سے تقریباً ایک ہفتے کے لیے ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں حماس نے غزہ میں قید کیے گئے ایک سو یرغمالیوں کو رہائی دے دی تھی۔ جس کے بدلے میں اسرائیلی فوج نے 240 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔