(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایک جانب صیہونی فوج غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کررہی ہے دوسری جانب غیر قانونی صیہونی آبادکار اسرائیلی جارحیت کا شکار غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے گذشتہ روز ایک بارپھر مقبوضہ فلسطین کے علاقے کرم ابو سالم گزر گاہ سے غزہ میں انسانی امداد کے ٹرکوں پر حملہ کردیا جس کے باعث امدادی سامان غزہ نہیں پہنچایا جاسکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے کرم ابوسالم بارڈر کراسنگ بلاک کردی غزہ کے خلاف اسرئیلی فوجیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کی جارحیت جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امدادی سامان میں خوراک کے علاوہ سخت سردی اور بارش سے بچاؤ کےلئے کمبل خیمے اور ادویات شامل تھی جو غزہ نہیں پہنچ سکیں۔
واضح رہے کہ تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے باعث خوراک کی شدید قلت ہے ، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے لاکھوں فلسطینی بدترین قحط کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں جبکہ اسرائیل کی اسپتالوں پر بمباری کے باعث صحت کا نظام مکمل طورپر تباہ ہوچکا ہے۔