(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج غزہ میں فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کررہی ہے، شہر میں 5 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، صحت کا نظام مکمل طور پر منہدم ہوچکا ہے۔
غزہ میں وزارت صحت نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم اور درندگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی فوج نے شہر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 16 مقامات پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 150 فلسطینی شہید 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے شہر کی 90 فیصد عمارات تباہ ہوچکی ہیں جس کے باعث 20 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوکر عارضی خیموں اور پناہ گاہوں میں مقیم ہیں تاہم وہ وہاں بھی صیہونی دہشتگردی سے محفوظ نہیں ہیں ۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ پر سات اکتوبر 2023ء سے جاری جارحیت کے نتیجے میں اب تک 26,900 فلسطینی شہید اور 65,949 زخمی ہو چکے ہیں جس میں 70 فیصد سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔