(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی دہشتگردی فوج نے محفوظ قراد دیئے جانے والے علاقے میں کھانے پینے کی اشیا اور امدادی سامان لینے کیلئے جمع بے گھر فلسطینیوں پر فائرنگ کی ۔
فلسطینی وزارت صحت کے جاری بیان کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے گذشتہ روز رفح کے محفوظ قراردیئے جانے والے علاقے میں تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری وحشیانہ بمباری کے نتیجےمیں گھر بار اور بنیادی انسانی ضرورتوں سے محروف فلسطینیوں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ کھانے پینے کی اشیا اور امدادی سامان لینے جمع ہوئے، صیہونی فوج کی فائرنگ سے کم از کم 20 فلسطینی شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے ۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور 500 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں جبکہ سیکڑوں تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔