(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ہاتھوں یرغمال چھ اسرائیلی قیدیوں کے خاندان کا ایک وفد قیدیوں کی رہائی میں مدد کیلئے جمعے کو قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 12نے اپنی رپورٹ میں بتایاہے کہ غزہ میں قید اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ پر مشتمل ایک ایک وفد اسرائیلی حکومت کی جانب سے مایوس ہونے کے بعد قطر پہنچ گیا ہے جہاں وہ قطر میں امریکی سفیر ٹمی ٹی ڈیوس، قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں مزاحمت کے ذریعے اغوا کیے گئے افراد کے معاملے اور ان کی رہائی کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قیدیوں کے اہل خانہ دو ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیل کے کئی شہروں میں مظاہرے کر رہے ہیں اور اسرائیلی حکومت سے ان کے اہل خانہ کی رہائی کے لیے کام کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم اسرائیلی وزیراعظم یرغمالیوں کی رہائی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرتے نہیں دیکھائی دے رہےہیں۔