(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )حزب اللہ نے ک کہا ہے کہ "ہم بیروت کے قلب میں شیخ صالح العروری اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے جرم کو لبنان، اس کے عوام، اس کی سلامتی، خودمختاری اور اس کی مزاحمت پر ایک خطرناک حملہ سمجھتے ہیں۔
بیروت میں اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کےسیاسی شعبے کے نائب سربراہ شیخ صالح العاروری کی شہادت پر لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنےمیں آیا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن اور مزاحمت کے درمیان جنگ کے دوران یہ ایک خطرناک پیش رفت ہے "ہم اسرائیل کی جانب سے بیروت کے قلب میں شیخ صالح العروری اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے جرم کو لبنان، اس کے عوام، اس کی سلامتی، خودمختاری اور اس کی مزاحمت پر ایک خطرناک حملہ سمجھتے ہیں اس جرم کی سزا دیئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کے خلاف ہماری مزاحمت ثابت قدم، قابل فخر اور اپنے اصولوں اور وعدوں پر وفادار ہے ، صیہونی دشمن کا یہ گھناؤنا جرم فتح اور آزادی تک فلسطین، لبنان، یمن، شام، ایران اور عراق میں مزاحمتی قوتوں کو اپنے منصفانہ نصب العین پر یقین اور ثابت قدمی اور پختہ عزم و ارادے میں اضافہ کرے گا ۔”