(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسپتال کےترجمان کا کہنا ہے کہ صرف دو روز کے دوران غزہ میں زخمی ہونے والے 30 فوجیوں کو لایا گیا جس میں سے اکثریت کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیل کے بڑے اسپتال "سوروکا” کے ترجمان نے کہاہے کہ اسپتال کو سات اکتوبر کے حملے کے بعد ے اب تک مختلف نوعیت کے 2,346 زخمی موصول ہوئے ہیں، ان زخمیوں میں صرف وہ شامل ہیں جن کو سوروکا اسپتال لایا گیا دیگر اسپتالوں میں لائے جانے والے زخمیوں کی تعداد نامعلوم ہے۔
انھوں نے بتایا کہ صرف کل جمعرات کو ہسپتال نے 16 زخمی فوجیوں کو وصول کیا جبکہ بدھ کو غزہ کی پٹی سے 15زخمی فوجیوں کو لایا گیا۔
واضح رہے کہ دو روز وقبل جنگ کے دوران معذور ہونے والے اور سابق اسرائیلی فوجیوں کی تنظیم کے سربراہ ایڈان کلیمن نے بلومبرگ کو بتایاتھا کہ ، غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ میں "زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد تقریباً 20,000 تک پہنچنے کا امکان ہے۔” اس سے قبل چینل 12 نے انکشاف کیا تھا، اسرائیلی حکومت نے غزہ کی جنگ میں زخمی ہونے والے 3000 فوجیوں کو "فوج میں مستقل معذوری” کے طور پر درجہ بندی میں رکھا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ "اسرائیلی فوج” کی غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں جن اسرائیلیوں کے نام شائع کرنے کی اجازت دی گئی، ان کی تعداد 501 تک پہنچ گئی ہے۔