(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج نے خواتین اور بچوں سمیت مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید کردیئے شہدا کی تعداد 21 ہزار سے متجاوز ہو گئی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ 83 ویں روز بھی جاری ہے ، غاصب صیہونی فورسز نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں متعدد مقامات پر بمباری کی۔
وسطی غزہ میں العمل اسپتال کے قریب اسرائیلی بمباری سے 20 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ نصیرات کے پناہ گزین کیمپ پر صیہونی حملے میں بھی کئی افراد کی شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔
جنوبی غزہ میں رفح میں اسرائیلی حملے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ نصیرات کیمپ میں 7 اور المغازی کیمپ پر حملے میں مزید 20 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے پناہ گزین کیمپ، اسپتال، اسکول اور مذہبی عبادت گاہیں بھی محفوظ نہ رہ پائیں، صیہونی افواج نے دیر البلاح کی مسجد بھی شہید کر دی۔