(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سینئر اسرائیلی دفاعی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر زمین ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے ہمیں دنیا کی تمام بارودی سرنگوں کی ضرورت ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کو انٹر ویو دیتے ہوئے اسرائیل کے سینئر دفاعی تجزیہ کار اور عسکری امور کے ماہر یوسی یہوشوا نے کہا کہ غزہ میں حماس کی جا نب سے تیارکیے گئے زیر زمین بنیادی ڈھانچے کے حجم اور گہرائی اسرائیلی فوج کے لئے حیران کن ہے جس کے نتیجے میں غزہ میں لڑائی طویل عرصے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک اسرائیلی فوج کے سینئر افسر نے ان کو بتایا کہ ‘ہمیں حماس کے تمام زیر زمین انفراسٹرکچر کو ختم کرنے کے لیے دنیا کی تمام بارودی سرنگوں کی ضرورت ہے اور یہ کام اسرائیل تنہا نہیں کرسکتا ہے۔’
انھوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کا اندازہ ہے کہ جنگ کئی مہینوں تک جاری رہے گی "حماس کی جلد تباہی کے بارے میں ہر اعلان حقیقت سے بہت دور ہے ۔
دوسری جانب امریکی اخبار "واشنگٹن پوسٹ” نے رپورٹ میں کہا ہےکہ فلسطینی مزاحمت اور اسرائیل کے درمیان زمینی لڑائی میں وقت کے ساتھ کمی آنے کے بجائے اس میں شدت آرہی ہے جس کا زیادہ نقصان اسرائیلی فوج کو ہورہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے مزید لکھا کہ اسرائیل کوحماس کےساتھ اس جنگ میں جتنا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے اتنا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ، غزہ کی جنگ ایک پیچیدہ جنگ، جس میں "اسرائیل”بری طرح پھنس چکا ہے۔