(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القدس بریگیڈز نے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی قیدیوں کا اپنے رہنماؤں کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں یرغمالیوں نے صیہونی حکومت سے فوری جنگ بندی کرنے اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اسلامی جہاد موومنٹ کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے گذشتہ روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دو اسرائیلی قیدیوں "گاڈی موزز”اور "ایلاد کاتزیر کو دیکھایا گیا ہے جنہوں نے صیہونی حکومت اور فوج سے فوری جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرہ ہے۔
یرغمالیوں نے کہا ہے کہ ہم اس صورتحال میں ہیں اور ہم ہر لمحہ مر رہے ہیں، صورتحال ناقابل برداشت ہے، ہمارے مرنے کا امکان ہر گزرتے لمحے بڑھ رہا ہے کیونکہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ اسرائیلی فوج ہم پر بمباری نہیں کریں گی” ہمیں لگتا ہے کہ آپ نہیں چاہتے کہ ہم زندہ واپس آئیں۔”