(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں حماس کے ہاتھوں بے تحاشہ جانی اور مالی نقصان اٹھانے اور عالمی سطح پر شدید دباؤکے باوجود صیہونی ریاست اپنی شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔
غیر قانونی صیہورنی ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے امریکی صدر جوبائیڈن اور دیگر مغربی حمایتوں کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو بند کرنے کے بیانات پر کہا ہے کہ اس مرحلے پر جنگ بندی پر اتفاق کرنا ایک غلطی ہوگی اور اسرائیل عالمی برادری کی حمایت کے ساتھ یا اس کے بغیر حماس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا۔
ایلی کوہن نے کہا کہ "اسرائیل حماس کے خلاف جنگ جاری رکھے گا، چاہے بین الاقوامی حمایت ملے یا نہ ملے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مرحلے پر جنگ بندی حماس کے لیے ایک تحفہ ہو گی اور اس سے اسرائیل کی آبادی کو دوبارہ خطرہ لاحق ہو گا”۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کوہن نے بین الاقوامی برادری سے عالمی جہاز رانی کے راستوں کی حفاظت کے لیے "مؤثر اور فیصلہ کن طریقے سے” کام کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت اٹھارہ ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 50 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ غزہ میں صیہونی فوج کو القسام بریگیڈ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ جنگ میں غیر معمولی جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔