(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل طاقت کے زور پر اپنا کوئی یرغمالی رہا نہیں کراسکتا ، اگر ایسا ممکن ہوتا تو دو ماہ کی کارروائی میں ہوچکا ہوتا۔
فلسطین پر قابض غیرقانونی صیہونی ریاست کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عز الدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے گذشتہ روز اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں صیہونی ریاست اور اس کے مددگار وں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی کابینہ مذاکرات کے بغیر کوئی یرغمالی رہا نہیں ہوگا، فوجی طاقت سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرایا جا سکتا، انھوں نے کہا کہ یرغمالی کی ہلاکت طاقت کے زور پر رہا کرانےکی کوشش کا نتیجہ ہے۔
ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ میں مجاہدین کی کارروائیوں کا زکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مجاھدین نے غزہ کوقابض اسرائیلی فوج کے لیے قبرستان بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دس روز میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی 180 گاڑیاں، ٹینک اور فوجی کیریئر تباہ کردیے اورسیکڑوں فوجیوں کو جھنم رسید کیا اور بہ حفاظت اپنے ٹھکانوں میں واپس آگئے۔
ابو عبیدہ نےجنگی مجرم نیتن یاھو اور اس کی سپاہ کو خبردارکرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں دشمن کو تباہ کن جواب دیا جائے گا، دشمن اپنی طاقت اوررعب جمانے کے لیے غزہ کی پٹی میں معصوم شہریوں پر وحشیانہ بمباری کررہا ہےاس کے باوجود فلسطینی مزاحمتی قیادت محفوظ ہے اور مجاھدین دشمن کے خلاف جنگ کے محاذ پر پوری استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔