(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب فوج نے غزہ پر اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے رہائشی علاقوں اور ہسپتالوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جس سے بہت بڑی تعداد میں لوگ شہید، زخمی اور لاپتہ ہو گئے ، گزشتہ رات اس پٹی میں سب سے زیادہ پرتشدد تھی۔
غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی افواج نے تقریبا دوماہ سے محصور غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی جارحیت جاری رکھی ہے، محلوں، رہائشی علاقوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے، غاصب فوج نے شمالی غزہ میں 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہریوں کوشہید کرنے کے بعد زمینی کارروائی پورے غزہ تک بڑھادی۔
اسرائیلی آرمی چیف نے جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق کی اور اسرائیل نے ان حملوں میں فضائیہ کی مدد لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
صیہونی فوج نےخان یونس ،جبالیہ شیخ رضوان کےعلاقوں میں موجود اسپتالوں رہائشی مکانات اورپناہ گاہوں کونشانہ بنایا جس کےنتیجےمیں خواتین اوربچوں سمیت700 سے زائدفلسطینی شہید ہوگئےہیں۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیا اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں لڑائی کے دوران اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔