(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز نے القسام کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کو چھپانے اور اپنی خفت مٹانے کیلئے مقبوضہ مغربی کنارے سے کم سے کم چار ہزار سے زائد فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے حراست میں لے لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے7 اکتوبر سے اب تک 215 فلسطینیوں کو شہیدکیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 55 بچے شامل ہیں۔
غیر قانونی صیہونی فورسز نے ان قیدیوں کے گھروں پر بھی حملے کئے ہیں جو حماس کے ساتھ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کے تحت رہا کیے گئے ہیں یا جو رہا کئے جائیں گے۔
ایک جانب صیہونی فورسز فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب غیر قانونی صیہونی آبادکار بھی فلسطینیوں کے خلاف سامنے آگئے ہیں ، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حالیہ حملوں میں ایک بچے سمیت 8 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اسرائیلی فورسز نےگزشتہ رات 60 سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک چار ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں 55 کم سن بچے بھی شامل ہیں۔