(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بچوں نے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور علامتی طور پر فلسطین کے شہید بچوں کی لاشوں کو اٹھایا ہوا تھا جبکہ ساتھ ہی علامتی طور پر صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہاتھوں پر ہتھ کڑیاں باندھ کر قید ی دیکھایا گیاتھا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی سرپرستی میں جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ قائدین کراچی پر مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجےمیں بچوں اور خواتین سمیت ہزاروں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے اسکولز کے ہزاروں بچوں نے مارچ کیا جس میں بچوں کے ساتھ ان کے اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مارچ میں بچوں نے بچوں نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی اور عالمی برادری سے غزہ پر اسرائیلی مظالم رکوانےکا مطالبہ کیا۔
مارچ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بچوں کے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بچوں اور بچیوں نے شاہراہ قائدین پر بڑی تعداد میں شریک ہو کر عالم اسلام کو پیغام دیا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی یہ ہےکہ ہمارا نظام تعلیم نہیں بتاتا کہ مسجد اقصیٰ کی کیا اہمیت ہے، اسرائیل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، فلسطین کی زمین مسلمانوں کا قبلہ اول صیہو نیوں کے قبضے میں ہے، ہم اسرائیل کی ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطین کے بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔