(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ اور بھاری جانی نقصان کے بعد اسرائیلی فوج مشرقی رفح سے نکل گئی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فوجی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر فوجی کارروا ئی کا دوسرا مرحلہ شروع کیا تو فلسطینی مزاحمت کاروں نے غیر معمولی جنگی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ۔
ریڈیو نے بتایا کہ شام چار بجے کے قریب غزہ کے شمال میں پیش قدمی کی کوشش کرنے والے دو اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کیا گیا جس میں چھ اسرائیلی فوجی مارے گئے جبکہ فوجی گاڑیو ں کو مقامی ساختہ اؑرپی جی سے نشانہ بنایا جس میں تین فوجی ٹرک تبا ہ ہوئے۔
مجموعی طورپر غزہ میں جاری پرتشدد جھڑپوں میں ایک برگیڈیئر سمیت اسرائیل کے 314 فوجی ہلاک ہوئے جب کہ بڑی تعداد میں زخمی ہوئے جس کے باعث اسرائیلی فوج نے زمینی آپریشن روک دیا ۔
دوسری جانب القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے حماس سے منسلک الاقصیٰ ٹی وی پر نشر ہونے والی اپنی تقریر میں کہا، "بریگیڈ سے وابستہ جنگجو اسرائیلیوں کے ایک نئے گروپ کو پکڑ کر غزہ کی پٹی لے جانے میں کامیاب ہو گئے”۔
انھوں نے بتایاکہ کہ گذشتہ روز غزہ کے مشرقی علاقے کے علاوہ فلسطینی جانبازوں نے ایریز گزر گاہ کے علاقے میں بھی اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کیا جس میں کئی اسرائیلی فوجی جہنم واصل ہوئے
اپنے بیان میں انھوں نے بتایا کہ القسام بریگیڈ کی افواج ابھی بھی اسرائیل میں موجود ہیں اور بعض شہروں اور غیر قانونی صیہونی بستیوں میں لڑ رہی ہیں، ابو عبیدہ نے کہا کہ وہ غزہ کے شمال میں واقع یہودی بستی موقیم میں پرتشدد جھڑپوں میں مصروف ہیں اور اسرائیلی صفوں میں بہت سے ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔