(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران پانچ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر کے ضلع پلواما میں قابض بھارتی ف فوج اور پولیس نے گھر گھر تلاشی کا مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا جس میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، خواتین کی بے حرمتی اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران غاصب بھارتی فوجیوں نے پانچ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی۔
شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔
واضح رہے کہ مودی سرکار نے سیاہ قانون کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا تھا جس کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔