(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی افواج نے غزہ پر 7 اکتوبر سے اب تک 12 ہزار ٹن سے زیادہ دھماکا خیز مواد گرا یا ہے جس کے باعث پانچ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر23 سو 60 بچوں سمیت 5 ہزار 900 شہید جبکہ 16 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کی جانب سے سات اکتوبر سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، غاصب صیہونی فورسز نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کےشمالی علاقے الشاطئی پناہ گزین کیمپ پرسفاکیت اور بربریت کی نئی مثال قائم کی ہے۔
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجےمیں خواتین اور بچوں سمیت مزید 704 فلسطینی شہید ہوگئے، محض ایک گھنٹے کے دوران غاصب صیہونی افواج نے 55 فلسطینیوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 5 ہزار 900 ہو گئی، 23 سو 60 بچے بھی شہید، 16 ہزارسے زائد زخمی ہوگئے، فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ ابھی تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم مطلوبہ مشینری نا ہونے کے باعث لاشیں نکالنا بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
غاصب فورسز کی وحشیانہ بمباری کے باعث کم سے کم ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد گھر بھی تباہ ہوگئے ہیں جس کے باعث کم سے کم پانچ لاکھ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔