(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ٰصیہونی ریاست کے اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ حماس تمام یرغمالیوں کو رہا کر بھی دے تب بھی غزہ میں ایندھن داخل نہیں ہونے دیں گے۔
غیر قانونی صیہوریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے مشیر مارک ریگیو نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیئے گئے انٹر ویو کے دوران حماس کی جانب سے انسانی ہمدری کے تحت دو مزید اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے تناظرمیں پوچھے گئے سوال پر کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کوایندھن کی سپلائی نہیں کی جائے گی ۔
انھوں نے کہا کہ دوروز قبل "کچھ ایندھن” کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے، تاہم انھوں نے حماس پر الزام لگایا کہ وہ اس ایندھن کو اپنی فوجی مشین میں استعمال کرنا چاہتی ہے اس لئے اب غزہ کو کسی صورت ایندھن فراہم نہیں کیا جائے گاچاہے حماس تمام یرغمالیوں کو آزاد ہی کیوں نا کردے۔
واضح رہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل غزہ میں سنگین جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہے ،اسرائیلی فوج غزہ میں اب تک رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری میں 2,055 بچے، 1,119 خواتین سمیت 5 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہیدکرچکی ہےجبکہ ایک ہزار سے زائد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے اسکولوں کالجوں مساجد اور اسپتالوں سمیت پناہ گاہوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، جبکہ اٹھارہ روز سے جاری شہر کے محاصرے کے باعث اسپتالوں میں ایندھن ختم ہوچکا ہے جس کے باعث زخمیوں اور بیماروں کی بڑے پیمانے پر شہادتوں کا خدشہ ہے۔