(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اٹھارہ روز سے جاری وحشیانہ بمباری میں 15,273 زخمی جبکہ 1500 سے زائد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر اٹھارویں روز بھی دہشتگردی جاری ہے ،غاصب فورسز نے اسکولوں کالجوں،مساجد سمیت پناہ گاہوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہے جو بین القوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، اسرائیل کی اس سفاکیت پر عالمی برادری کی جانب سے صرف بیانات جاری کئے جارہیں ہیں جس کی صیہونی ریاست کوئی پرواہ نہیں کررہی ہے جبکہ امریکہ سمیت یورپی ممالک اسرائیل کی فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کی بھرپور حمایت جاری ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے تصدیق کی کہ غاصب صیہونی فوج نے گذشتہ گھنٹوں کے دوران جنوبی غزہ میں 23 مختلف مقامات پر وحشیانہ بمباری کی ہے جن میں 182 بچوں سمیت 436 افراد شہید ہوئے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے خاندانوں کے خلاف کیے جانے والے قتل عام کی تعداد 597 تھی، جس میں 3,813 شہریوں کی جانیں گئیں، جن میں سے بڑی تعداد ابھی تک ملبے تلے دبی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ پر جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کی کل تعداد 5,087 ہے جن میں 2,055 بچے، 1,119 خواتین اور 217 بوڑھے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 15,273 شہری مختلف زخمی ہوئے ہیں۔