(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ’’العربیہ‘‘ اردو کے مطابق رفح بارڈر پر 100 سے زیادہ ٹرک غزہ میں داخل ہونے کے منتظر ہیں جن کو اسرائیل کی جانب سے داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کے ایندھن کے 6 ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔ اسرائیل کو رفح کراسنگ سے تمام امدادی ٹرکوں کے داخلے پر تحفظات ہیں اور اس نے ان کی تعداد میں کمی کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی کی جانب سے گذشتہ روز یہ بیان آیا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے حکام کو امید ہے کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ کو پیر کو چند گھنٹوں کے بعد کھول دیا جائے گا تاکہ متوقع اسرائیلی زمینی حملے سے قبل کچھ لوگوں کو پٹی سے نکلنے کی اجازت دی جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس اعلان کے بعد غزہ میں موجود مختلف قومیتوں کے سینکڑوں غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ دوہری شہریت والے فلسطینی بھی صبح سے ہی رفح کراسنگ کے دروازے کے سامنے جمع تھے۔
یاد رہے کہ غیر ملکیوں کو نکالنے اور امداد پہنچانے کے لیے جنوبی غزہ میں 5 گھنٹے کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد رفح کراسنگ کو کھولنے کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔