(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ہم نے آپریشن کیلئے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ 3000 جنگجوؤں کو تربیت دی اور 1500 جنگجو امدادی کارروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی پر تھے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انھوں نے صیہونی دشمن اسرائیل کے خلاف جاری تاریخی آپریشن طوفان الاقصیٰ کی تفصیلات بتا ئی ہیں۔
انھوں نےبتایا ہے کہ القسام بریگیڈ نے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اپنی منصوبہ بندی اور توقع سے زیادہ اہداف حاصل کیے ہیں۔ہم نے غزہ میں دشمن فوج کے دستوں پر 15 پوائنٹس کے علاوہ 10 اضافی فوجی پوائنٹس پر حملہ کیا جو ہماری منصوبہ بندی میں نہیں تھے۔ آپریشن کے آغاز کے بعد، ہم نے غزہ کے آس پاس کے مقامات پر 3500 راکٹ جبکہ 1948ء سے زیر قبضہ مقامات پر 1000 راکٹ داغے جس میں صیہونی دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
انھوں نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ہم نے آپریشن کیلئے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ 3000 جنگجوؤں کو تربیت دی اور 1500 جنگجو امدادی کارروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی پر تھے۔
ابو عبیدہ نے صیہونی فوج کو للکارتے ہوئے کہا کہ ہم ہم امت اسلامیہ کی فتح کا نقارہ بجاتے ہیں۔ ہم دشمن سے کہتے ہیں کہ اگر تم نے زمینی راستے سے غزہ میں داخل ہونے کی جرات کی تو ہم تمہاری فوج کو کچل کر رکھ دیں گے۔
ترجمان القسام بریگیڈ نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ہم نے صیہونی ریاست کو انٹیلی جنس نقطہ نظر سے شکست فاش دی۔ ہم آپریشن سے پہلے اپنے ارادوں، اپنی تربیت اور اپنے اقدامات کو چھپانے میں کامیاب ہو ئے۔
صیہونی جیلوں میں قید فلسطینی اسیروں کو مخاطب کرتےہوئے ترجمان القسام بریگیڈ نے کہا کہ ہمارے قیدی ساتھی پریشان نہ ہوں، ہمارے پاس جو ہے وہ انہیں آزاد کروانے کے لیے کافی سے زیادہ ہے۔