(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اعلیٰ سطحی اجلاس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسرائیل فلسطین معاملے پر تازہ کشیدگی سے متعلق بین الاقوامی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو سے کابینہ کو آگاہ کیا۔
سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت سعودی کابینہ کے اہم اجلاس میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب غزہ پر صیہونی ریاست کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری کا جائزہ لے رہا ہے اور مسلسل فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہےبیان میں کہا گیا کہ غزہ میں لڑائی بند کرنا ضروری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب خطے میں جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے روکنے کے حق میں ہے۔ اجلاس کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسرائیل فلسطین معاملے پر تازہ کشیدگی سے متعلق بین الاقوامی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو سے کابینہ کو آگاہ کیا۔
دوسری طرف ایران اور عراق کے بعد سعودی عرب کی جانب سے بھی غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ گزشتہ روز او آئی سی نے اپنے بیان میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو غزہ میں عالمی قوانین نظرانداز کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔