(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ہم غزہ کی حقیقت کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، غزہ شہر کی وہ حالت کردیں گے کہ کبھی پہلے جیسی حالت کی جانب نہیں لوٹے گا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلانٹ کا نیا بیان شائع کیا ہے جس میں انھوں نے حما س کے اسرائیل پر حملے کو تاریخ کی سنگین غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر پر ایک کثیر جہتی جامع حملہ کرنے کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی حقیقت کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، غزہ شہر کی وہ حالت کردیں گے کہ کبھی پہلے جیسی حالت کی جانب نہیں لوٹے گا۔
انھوں نے کہا ہے کہ غزہ کے ساتھ سرحد پر تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں، ہم نے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔ اب ہم مکمل حملے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
حماس غزہ میں تبدیلی چاہتی تھی اور وہ جو چاہتی تھی، اب اسے اس سے 180 ڈگری پر رجوع کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اس لمحے پر افسوس کرے گی کہ غزہ دوبارہ کبھی ویسا نہیں ہوگا جیسا پہلے تھا۔