(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست کے لئے حماس اور اسلامی جہاد جیسی تنظیمیں پہلے ہی عذاب الہیٰ کی طرح ٹوٹ رہی تھی کہ اب لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر باقاعدہ حملہ کردیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی علاقوں پر دہائیوں سے قابض صہیونی فورسز کو حماس کے بعد اب ایک اور محاذ کا بھی سامنا ہے۔
رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ صیہونی فورسز پر شمالی سرحد سے حزب اللہ کے جنگجو ؤں نے حملہ کیا ہے۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فورسز پہلے ہی حماس کے حواس باختہ کردینے والے حملوں سے سنبھل نہیں رہی تھی کہ شمالی سرحد سے حزب اللہ نے بھی حملہ کیا ہے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس اور جنین میں عرین الاسود اسرائیلی فوج کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں۔
اسرائیل ٹائمز نے بتایا ہے کہ اب تک حماس کے مزاحمت کاروں کے ہاتھوں 900 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں جس میں بڑی تعداد صیہونی فوجیوں کی بھی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لبنان کے مسلح گروپ حزب اللہ نے حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان جاری کر تے ہوئے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ فلسطین یوکرین نہیں ہے، براہ راست امریکی مداخلت پر خطے میں تمام امریکی مقامات ہمارے اہداف بن جائیں گے۔
ترجمان حزب اللہ نے کہا ’’اگر امریکا براہ راست مداخلت کرتا ہے تو خطے میں تمام امریکی مقامات مزاحمتی محور کے جائز اہداف بن جائیں گے اور انھیں ہمارے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ ترجمان نے مزید کہا ’’اس دن کوئی سرخ لکیر باقی نہیں رہے گی۔‘‘