(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی ریاست کے مسلسل جاری جرائم کے جواب میں آپریشن "طوفان الا قصیٰ ” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد الضیف نے فلسطین کے سرکاری ٹی وی کو دیئے گئے انٹر ویو میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی ریاست کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صیہونی ریاست کے ذرائع ابلاغ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ آج صبح فلسطینی مجاہدین نے بیس منٹ کے دوران مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں کے مراکز پر پانچ ہزار میزائل اور راکٹ داغے اور استقامتی محاذ کے ڈرون طیاروں نے بھی کئی صیہونی ٹھکانوں پر حملے کئے۔
اس کے ساتھ ہی استقامتی محاذ کے کئی مجاہدین سپاہی پیرا گلائڈر کے ذریعے مقبوضہ فلسطین قائم غیر قانونی صیہونی بستیوں میں اتر ے جس کے بعد مزاحمتی کارروائیاں شروع ہوئیں۔
اسرائیلی اخبار اسرائیل ٹائمز کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے آپریشن میں اب تک 6 صیہونی ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے سرحد پر واقع ایک فوجی اڈے پر حملے کے بعد متعدد اسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ اخبار نے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ وائرل ہونے والے ویڈیوکلپس میں واضح طورپر اسرائیلی فوجیوں کو سڑکوں پر گھیسٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں اسلامی مقدسات خاص طور سے مسجد الاقصی اور مسلمان فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد فلسطینی مجاہدین نے آج صبح صیہونیوں کے خلاف ہمہ گیر، زمینی، سمندری اور فضائی جنگ شروع کردی ہے۔