(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی مسجد اقصیٰ کے چوکوں میں جمع ہوتے ہیں اور صہیونی فوج کی دہشتگردی اور جارحانہ اقدامات کے باوجود عبادت کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں فلسطینی نمازیوں نے دیگر دور دراز علاقوں سے آکر فجر کے وقت مسجد اقصیٰ میں نماز اداکی اور ولادت رسول مقبول حضرت محمد ﷺ کی باسعادت تقریبات میں حصہ لیا،اس موقع پر الخلیل میں مسجد ابراہیمی میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیااورقابض ریاست اسرائیل کی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس مبارک دن کی مناسبت سے مذہبی خطبات، نمازیوں میں گرم مشروبات کی تقسیم اور مسجد کے صحنوں میں اجتماعی طور پر مٹھائیاں بانٹیں۔
صہیونی فوج کی جگہ جگہ کھڑی گئی رکاوٹوں اورسخت حفاظتی اقدامات کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں مسلمان فلسطینی ان مساجد تک پہنچنے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی یوم پیدائش کی یاد منانے میں کامیاب ہو ئے ،لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔
ذرائع نے بتایا کہ نماز کے بعد اجتماعی دعاکا اہتمام کیا گیا جس میں امت مسلمہ اور انسانیت کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ فلسطین پر جابرانہ صہیونی قبضے کے خاتمے اور آخری خون کے قطرے تک اسرائیل کے سامنے نہ جھکنے کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں بالعموم فلسطینی اور بیت المقدس کے باشندے بالخصوص رباط میں صہیونی قبضے اورشر پسند صہیونی آبادکاروں کے شرانگیز منصوبوں کا مقابلہ کرتے رہتے ہیں صہیونی فوج کیجانب سے بلاجواز پابندیوں کے باوجودمسلمان فلسطینی مسجد اقصیٰ کے چوکوں میں جمع ہوتے ہیں اور مسجد پر اپنےمذہبی حق کا اظہار کرتے ہوئے صہیونی فوج کی دہشتگردی اور جارحانہ اقدامات کے خطرات کے باوجود عبادت کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔