(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض ریاست اسرائیل کو آئندہ ہفتے تک امریکا کے ویزا ویور پروگرام میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
عالمی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سےفلسطینیوں پر مظالم ڈھانے والی قابض ریاست اسرائیل کوامریکہ کے ویزا ویور پروگرام میں شامل کیا جارہا ہے جس کے تحت جلد ہی صہیونی ریاست کے شہری ویزے کے بغیردیگر40 کے قریب یورپی اور ایشیائی ملکوں کے شہریوں کی طرح امریکا میں داخل ہوسکیں گےاور بغیر ویزے 3 ماہ کے لیے امریکا میں قیام کر سکیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ امریکا میں صہیونی ریاست کے شہریوں کیلیے ویزا کے بغیر داخلے کی یہ سہولت صہیونی ہم منصب کی درخواست پر امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن کے حکم پردی جارہی ہے۔
امریکا اس سے قبل اسرائیل کا اہم اتحادی ہونے کی حیثیت سے گزشتہ چند برسوں میں کئی عرب ممالک کے سفارتی تعلقات اسرائیل کے ساتھ بحال کروانے میں ثالثی کا کردار ادا کر چکا ہے اور اب سعودی عرب سے اسرائیل معاہدے کیلیے سر گرم ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے صہیونی شہریوں کو بغیر ویزے کے امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہےجس کے بعد قابض ریاست اسرائیل کو آئندہ ہفتے تک امریکا کے ’’ویزا ویور پروگرام‘‘ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔