(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پاکستان نے مسجد اقصیٰ میں سیکڑوں غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کے دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں صیہونی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے گذشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ میں مسجد اقصیٰ پر صیہونی جارحیت اور انتہا پسندآبادکاروں کی طرف سے اس پر دھاوا بولنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہودیوں کی تعطیلات اور تہواروں کے بہانے مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
انھوں نے کہا کہ "پاکستان قابض صیہونی افواج کی نگرانی میں انتہا پسندصیہونی آبادکاروں کی جانب سے قبلہ اول پر حملو ں کی شدید مذمت کرتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ” پاکستان مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کی مسلسل دراندازی متعلقہ بین الاقوامی اصولوں اور کنونشنز کی صریح خلاف ورزی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے پاکستان کے اس مطالبے کی تجدید کی کہ وہ مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر کے امن، سلامتی اور استحکام کے مفاد میں صیہونی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام کرے۔