(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی دشمن کے خلاف طویل المدتی جنگ کا نتیجہ آخر کار قابضین کی بے دخلی، مقبوضہ زمینوں کو آزاد کرانے اور فلسطینیوں کی آزادی کی بحالی کی صورت میں نکلے گا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان کی جانب سے گذشتہ روز غرب اردن کے شہر الخلیل کے شمال میں واقع عروب کیمپ سے تعلق رکھنے والاپندرہ سالہ بچہ میلاد منتصر الرائے کی صیہونی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن شہادتوں ، جبری گرفتاریوں ، گھروں کی مسماری اور بغیر کسی جرم کے طویل حراستوں سے فلسطینیوں کے حوصلے کبھی بھی نہیں توڑ سکتا ۔
اپنے جاری بیان میں حما س کا کہنا تھا کہ فلسطینی پورے فلسطین میں غیر قانونی صیہونی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، صیہونی حکومت کے انسانی جرائم کا مقابلہ کریں گے بالخصوص بیت المقدس کے شہر اور مسجد اقصیٰ کے احاطے میں۔
جاری کردہ بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ صیہونی دشمن کے خلاف طویل المدتی جنگ کا نتیجہ آخر کار قابضین کی بے دخلی، مقبوضہ زمینوں کو آزاد کرانے اور فلسطینیوں کی آزادی کی بحالی کی صورت میں نکلے گا۔
حماس کی جانب سے فلسطینی نوجوان میلاد منتصر الرائے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطین کا بچہ بچہ صیہونی دشمن کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا بھرپور عزم رکھتا ہے۔