(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بزرگ فلسطینی خاتون کے بیٹے ،بھائی ،اور بھانجے بھتیجے صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں اور باقی صیہونی زندانوں میں قید ہیں۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین پر قاباض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی ایک نام نہاد فوجی عدالت نے بزرگ فلسطینی خاتون رہنما اور43 سال سے اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی رہ نما نائل البرغوثی کی اہلیہ 60 سالہ حنان صالح البرغوثی کو بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت چار ماہ کی قابل تجدید انتظامی قید کی سزا سنائی ہے۔
مقبوضہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں کوبر کے علاقے سے تعلق رکھنے والی حنان صالح البرغوثی کو 4 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ حنان صالح البرغوثی اور ان کا خاندان فلسطین میں مزاحمت کی علامت قرار دیا جاتا ہے حنان صالح البرغوثی صیہونی زندانوں میں قید ، صائم البرغوتی کی بہن ، نائل البرغوثی کی اہلیہ ہیں جبکہ ان کا ایک بھائی شہید عمر البرغوتی صیہونی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوچکا ہے جس نے 30 سال سے زائد وقت صیہونی زندانوں میں گزارا تھا، حنان صالح البرغوثی، شہید عبداللہ اور اسلام اسفور کی ماں بھی ہیں۔