جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کی اپیل پر کل پاکستان میں بھی ”یوم وفائے اقصیٰ” منایاجائے گا۔نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ہوں گے جن میں مسجد اقصیٰ کے محاصرے اور اس کو شہید کرنے کے صہیونی منصوبے کی شدید مذمت کی جائے گی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں سید منورحسن نے کہا ہے کہ یہودی دہشت گردوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کا محاصرہ مسلسل جاری ہے۔ یہودی مسجد اقصیٰ کے حرم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کئی روز سے مسجد اقصیٰ کے اندر اور گرد و نواح میں موجود فلسطینی عوام مسجد کی حفاظت کر رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ہیں اور صہیونی فوج کسی فلسطینی کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔
مزید برآں یہودی افواج نے الجزیرہ چینل کے بیوروچیف سمیت متعدد عرب صحافیوں کو بیت القدس میں جانے سے روک دیا ہے۔ دوسری جانب حرم مسجد اقصیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی اس صورتحال پر غور کرنے کے لیے عرب لیگ کے سیکرٹریٹ واقع قاہرہ میں عرب ممالک کے نمائندگان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی صہیونی سازش اور حرم اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف کل بروز جمعہ ”یوم وفائے اقصیٰ” عالمی طور پر منایا جا رہا ہے۔
اخوان المسلمون مصر کے مرشد عام محمد مہدی عاکف، معروف اسکالر علا مہ یوسف القرضاوی، اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد المشعل سمیت مختلف سیاسی قائدین اور علمائے کرام نے مسلم امت سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی یوم وفائے اقصیٰ کے موقع پرقبلہ اول اور رسول اکرمۖ کے مقام معراج کی حفاظت کاعزم کریں۔
اپنے بیانات میں انہوں نے اپیل کی ہے کہ اس موقع پر پرامن مظاہروں، خصوصی خطبہ ہائے جمعہ اور دعائے قنوت نازلہ کا اہتمام کریںاور عالمی رائے عامہ پر واضح کردیا جائے کہ مسلمان اپنے مقدس مقامات اور مقبوضہ سرزمین فلسطین سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے۔
درایں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کی اپیل پر ملک بھر میں کل یوم وفائے اقصیٰ کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں ترتیب دی جارہی ہیں۔ پورے ملک میں نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر مظاہرے کئے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت خطاب کرے گی۔سید منورحسن نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مظاہروں میں شریک ہوکر غیرت ایمانی کا ثبوت دے۔