(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حزب اللہ نے بیروت سے روسی نژاد اسرائیلی جاسوس کو گرفتار کیا ہے جس کو حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر کی جاسوسی کےلئے بھرتی کیا گیا تھا۔
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکام نے بیروت کے جنوبی علاقے سے ایک روسی نژاد اسرائیلی جاسوس کو دو ہفتے قبل اس وقت گرفتار کیا جب وہ بیروت ہوائی اڈے پر اپنی بیوی اور بچّے کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
حزب اللہ نے سکیورٹی فورسز کو بتایا تھا کہ مشتبہ شخص نے بیروت کے جنوبی مضافات میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔گرفتاری کے بعد جنرل سکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں اس روسی سے پوچھ تاچھ کی گئی اور پھر ملٹری پراسیکیوٹرز کے حوالے کیا گیا اور وہی اب تحقیقات کے انچارج ہیں۔
لبنان کی جنرل سکیورٹی ایجنسی کے عبوری سربراہ الیاس البیساری نے بتایا تھا کہ حکام نے بیروت ہوائی اڈے پر دشمن (اسرائیل) سے تعلق رکھنے والے دو افراد کوگرفتار کیا ہے۔انھیں لبنان میں کارروائیاں کرنے کی ذمے داری سونپی گئی تھی۔
انھوں نے حراست میں لیے گئے افراد کی قومیت کے بارے میں تفصیل فراہم کیے بغیر مزید کہا کہ ’’ہم نے ان سے پوچھ تاچھ کی اور انھیں مجاز فوجی عدلیہ کے حوالے کردیا ہے‘‘۔
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے ریا نوفوستی کے مطابق ہفتے کے روز بیروت میں روسی سفارت خانے نے کہا تھا کہ وہ ان گرفتاریوں سے آگاہ ہیں اوران کی گرفتاری کے حالات کی تفصیل کو واضح کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان تکنیکی طور پر اسرائیل کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے اور اپنے شہریوں کو اسرائیل کے ساتھ کسی بھی طرح کا رابطہ رکھنے یا وہاں سفر کرنے سے منع کرتا ہے۔
قبل ازیں سکیورٹی حکام نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ 2019 کے آخر میں لبنان کی معیشت کے تباہ ہونے کے بعد سے اسرائیل کے ساتھ مبیّنہ طور پرتعاون کے الزام میں گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔