(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی نوجوان صیہونی فوج کی دہشتگردانہ کارروائی میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو گذشتہ روززخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب میں واقع قصبے زباددہ میں چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کیا اس دوران فلسطینیوں کے گھروں میں رویتی لوٹ مار کرتے ہوئے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔
ردعمل پر غاصب فورسز نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 17 سالہ فلسطینی نوجوان عثمان عاطف ابو خرج سرمیں گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگیا ۔
فلسطین کے سرکاری اسپتال الرازی کے ڈائریکٹر فواز حماد نے فلسطینی سرکاری ٹی وی وفا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ زخمی کو جس وقت اسپتال لایا گیا اس کی حالت تشویشناک تھی جس کے باعث وہ جانبر نا ہوسکا ۔
واضح رہے کہ ایک جائزے کے مطابق، رواں سال کے آغاز سے مغربی کنارے میں اب تک صیہونی فوج کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 180 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔